ویسٹ انڈیز کے عظیم آل راؤنڈر سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

کرکٹ کی دنیا کے عظیم ترین آل راؤنڈرز میں شمار کیے جانے والے ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان سر گیری سوبرز 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی 90ویں سالگرہ سے صرف 11 روز قبل جمعہ کے روز بارباڈوس میں اپنے گھر پر انتقال کر گئے۔

ویسٹ انڈیز کرکٹ نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ “ایک عظیم اننگز اپنے اختتام کو پہنچی، سر گیری سوبرز ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔”

سر گیری سوبرز 28 جولائی 1936 کو بارباڈوس کے علاقے سینٹ مائیکل میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے صرف 16 برس کی عمر میں فرسٹ کلاس کرکٹ کا آغاز کیا اور 1954 میں 17 سال کی عمر میں انگلینڈ کے خلاف ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔

انہوں نے 1958 میں پاکستان کے خلاف ناقابلِ شکست 365 رنز کی تاریخی اننگز کھیل کر ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی انفرادی اننگز کا عالمی ریکارڈ قائم کیا، جو 36 برس تک برقرار رہا۔ بعد ازاں 1994 میں برائن لارا نے 375 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا۔

سر گیری سوبرز دنیا کے پہلے بیٹر تھے جنہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک اوور میں 6 چھکے لگانے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔ وہ نہ صرف شاندار بیٹر تھے بلکہ ایک بہترین بولر اور محفوظ فیلڈر بھی تھے، جس کی وجہ سے انہیں کرکٹ کی تاریخ کا مکمل آل راؤنڈر تصور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے 1954 سے 1974 کے دوران 93 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن کی 160 اننگز میں 8,032 رنز بنائے، جن میں 26 سنچریاں اور 30 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے 235 وکٹیں حاصل کیں اور 109 کیچز بھی اپنے نام کیے۔

سر گیری سوبرز کے انتقال پر دنیا بھر کے سابق و موجودہ کرکٹرز، شائقین اور کرکٹ اداروں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں کھیل کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں